ڈائجسٹوں کے چکر

  •   0
  •   Naveed Khan
  •   0
  •   542
گھنی مونچھیں ہوں یعنی عینک والے جن کی مانند؟

لڑکیاں بھی اپنے شریکِ حیات کے حوالے سے گویا عجیب ہی سپنے دیکھتی ہیں۔ چوڑی چھاتی، گھنی مونچھیں، کھردری ہتھیلیاں، اونچا لمبا قد چھ فٹ سے متجاوز اور دھیمی گھمبیر مُسکراہٹ۔
اب بندہ پوچھے کہ بی بی تم خود تو گویا ایڑی مع چار انچ ہیل اور چوٹی مانند گھونسلہ کے ہمراہ بمشکل پانچ فٹ سے دو چار سوتر تجاوز کرتی ہو جبکہ سپنوں کا شہزادہ چھ فٹا چاہیے، کیا اس کے بازوؤں سے لٹک کر جھولا جھولنے کا ارادہ ہے؟
گھنی مونچھیں ہوں یعنی عینک والے جن کی مانند؟ چوڑی چھاتی ہو، اے عفیفہ! کیا چھاتی پر مصلیٰ بچھانا ہے؟
یہ سب کیا دھرا ہے زنانہ ڈائجسٹوں کا جن کی خاتون ایڈیٹر خواتین کو ایسے خواب دکھاتی ہیں جو انہیں چالیس سال قبل ان کی پیشرو ایڈیٹر نے دکھائے تھے۔ گویا کہ خواب ہی بدلے نہ انداز۔ آج بھی ڈائجسٹ کی ہیروئن چھت سے اترتے ہوئے بے دھیانی یا مدہوش جوانی کے باعث عین آخری سیڑھی پر اپنے متوقع "اُن" کے چوڑے سینے سے ٹکرا جاتی ہے جیسے چنگ چی اور آئل ٹینکر کا تصادم ہوجائے۔ مؤخر الذکر کا تو کچھ نہیں بگڑتا "جانے ڈائجسٹ کا ہیرو کس چکی کا آٹا کھاتا ہے۔" البتہ اول الذکر کی ستواں ناک ٹکر کی شدت سے سرخ ہوجاتی ہے اور ہرنی جیسی بڑی بڑی آنکھوں میں چاندی کے موتی جھلملانے لگ جاتے ہیں جبکہ وہ اس رنگین وسنگین تصادم پر شیخ رشید جیسی گھنی مونچھوں کے ہمراہ زیرِ لب گھمبیر مسکراہٹ کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے دادی ماں کے تخت پر تشریف فرما ہوجاتے ہیں۔
لا حول ولا قوة إلا بالله العلي العظيم، گویا ہم بھی کس واہیات ذکر میں مصروف ہوگئے، عرض فقط یہ کرنی تھی کہ کاکیو! بمطابق اپنی صحت سپنے دیکھو اور ان ڈائجسٹوں کے چکر میں مت پڑو-
0 Reviews
Blogs, Vlogs iGreen Bottom Image